اسد جیت گئے،واشنگٹن ہار گیا

  • بدھ, 17 اکتوبر 2018 14:48

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف امریکی صحافی ڈاگ بانڈو نے حال ہی میں نیشنل انٹرسٹ نامی معروف رسالے کو شام کے حوالے سے انٹرویو دیتے ہوئے صاف لفظوں میں کہا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد جیت گئے ہیں اور واشنگٹن (امریکہ) ہار گیا ہے۔بانڈو کا انٹرویو کافی دلچسپ رہا جس میں انہوں نے شام کے حوالے سے اہم باتیں کیں، جو قارئین کے لیے پیش خدمت ہیں۔ شامی صدر بشار الاسد اب خطرے میں نہیں ہے اور امریکہ کو چاہیے کہ وہ شام کے معاملے میں اپنی فوجی مداخلت بند کرے۔میں نے شام میں ایک ہفتہ پورا گزارا ہے جس کے دوران مجھ پر واضح ہوا کہ یہاں کا ذمہ دار شخص کون ہے اور یہاں سبھی چیزوں پر کنٹرول کس کا ہے؟میں نے دمشق میں ایلیٹ طبقہ، تمام سرکاری اور سیکیورٹی اداروں کا مشاہدہ کیا ہے، سڑکوں پر ان عمارتوں کو دیکھا جن پر بشار الاسد کی تصاویر آویزاں ہیں اور ان لوگوں سے ملاقات کی جو مستقبل کے حوالے سے کافی حد تک مثبت سوچ رکھتے ہیں۔امریکہ نے شروع دن سے بشارالاسد کے جانے پر زور دیا جو کہ ایک بہت بڑی غلطی تھی کیونکہ بشار الاسد کے حامی اور تائید کرنے والوں کی تعداد بہت بڑی ہے، امریکہ اس لیے بھی غلط تھا کیونکہ یہ بھی ہو سکتا تھا کہ بشار الاسد کی جگہ انتہائی خطرناک اور ظالم شخص اقتدار میں آ جاتا۔شام کی خانہ جنگی ایک المناک سانحہ ہے اور امریکی انتظامیہ کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی ملک پر حملہ کرے، اس ملک کی زمین پر قابض ہو کر اس کی تقسیم کرے، ٹرمپ کے شام کے متعلق اہداف اور مقاصد محض خواب بن کر رہ چکے ہیں کیونکہ شام میں اب ایسا کچھ نہیں جس کی وجہ سے بشار الاسد کو خطرات لاحق ہوں۔میرے خیال میں امریکہ شام کے اتحادی روس اور ایران کو شام سے جانے پر مجبور نہیں کر سکتا، بشار الاسد نے اپنے تمام حریفوں کو شکست دی ہے، حالانکہ دنیا میں کم ہی ایسے لوگ ہیں جن کا ماننا تھا کہ بشار الاسد کامیاب ہو کر پھر سے شام کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔امریکہ کی دیگر ممالک میں تبدیلی کی کوشش انتہائی ناکام رہی جس کی ایک مثال عراق ہے جہاں وہ بری طرح سے ناکام ہوا اور شام میں بھی ہو چکا ہے۔بانڈو کی باتوں سے صاف لگ رہا تھا کہ بشار الاسد کی قیادت میں شام اپنے زخموں کو پھر سے بھر چکا ہے اور پھر سے علاقے میں اپنے اس مقام پر لوٹ رہا ہے جس سے دوست اور دشمن سبھی واقف ہیں، ضرورت صرف امریکی افواج کی شام سے انخلاء کی ہے۔

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.