• حملے اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکیں گے: حزب اللہ

  • امریکا علاقے میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر پائےگا،حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای

  • شام پر حملہ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں:شامی مفتی اعظم

  • یوم ولادت امام حسین ؑ پر ضلع گلگت میں سرکار کا بڑا اعلان

  • کعبہ کی طرح مسجد اقصیٰ بھی انتظارِ امام زمانہؑ میں

  • 1
  • 2
  • 3
  • 4
  • 5

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جس پر کسی بھی ملک کو ہاتھ ڈالنے کی قطعاََ اجازت نہیں دی جائے گی۔ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہٹ دھرمی اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم عالمی امن کے لئے خطرہ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر اقوام عالم کی خاموشی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ ان نام نہاد انسانی حقوق کے عالمی ٹھکیداروں کو مسلمانوں کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور پاکستانی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی بھارتی فوج کی بربریت سے دنیا کی نظریں ہٹانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد کرانے کے لئے عالمی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن اور کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں نکلتا، تب تک پورے خطے کی سلامتی کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہے گا۔ ہندوستانی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کے ذریعے حق خود ارادیت کی آواز کو دبانا کی کوششوں میں مصروف ہے۔ بنیادی حقوق کے اس استحصال پر اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندد مودی کی رگوں میں پاکستان دشمنی سرایت کرچکی ہے۔ پاکستان کے خلاف لغو اور بےبنیاد پروپیگنڈہ کے ذریعے اقوام عالم کو گمراہ کرنے کی خواہش وہ کبھی پوری نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بھرپور انداز سے اٹھایا جائے اور کشمیریوں کی آواز کو ان تک پہنچایا جائے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ احمد علی نوری نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ عالم مبارز و مجاہد حجت السلام آغا علی رضوی کو انکی والدہ محترمہ اور میر واعظ نیورنگاہ آغا محمد علی شاہ کو انکی اہلیہ محترمہ کی وفات پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آغا علی رضوی کی والدہ محترمہ کی رحلت پر انکو اور تمام لواحقین کو تعزیت و تسلیت و پیش کرتے ہیں۔ والدہ محترمہ کی وفات سے آغا علی رضوی کی زندگی میں جو خلا پیدا ہوگیا ہے اسے پر کرنا ممکن نہیں۔ انہیں صبر و شکر کی تلقین کے ساتھ والدہ محترمہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے اور ہر کسی نے اس کا مزہ چکھنا ہے۔ خدا اپنے بندوں کو مختلف امتحانات کے ذریعے سے آزماتا ہے اور وہی بندے کامیاب ہوتے ہیں جن کے ہاتھ سے صبر و شکر کا دامن نہیں چھوٹتا۔ ماں جیسی عظیم ہستی کی موت انتہائی سخت امتحان ہے، کیونکہ اس ہستی کی کمی کو کوئی بھی پورا نہیں کرسکتا۔ اللہ سے دعا ہے کہ اپنے نہ ختم ہونے والے خزانہ غیب سے لواحقین بلخصوص آغا علی رضوی کو اس نعمت کا نعم البدل عطا فرما اور مرحومہ کے درجات میں اضافہ فرما۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور رہنما اسلامی تحریک پاکستان کیپٹن (ر) محمد شفیع خان کے اعزاز میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔ تقریب عشائیہ میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکریٹری تنظیم سازی مہدی عابدی، صوبائی سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی، کراچی کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری سمیت دیگر ارکین ڈویژنل کابینہ اور ضلعی سیکریٹری جنرلز نے شرکت کی، ایم ڈبلیوایم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع خان کو نہج البلاغہ اور پھولوں کا گلدستہ تحفے میں پیش کیا گیا، کیپٹن(ر) محمد شفیع نے عشائیہ کے انعقاد اور جذبہ خیر سگالی پر ایم ڈبلیو ایم کا خلوص دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دینا ناگزیر ہوچکا ہے، گذشتہ ستر برس سے گلگت بلتستان کے محب وطن عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد کررہے ہیں، حکمرانوں کو سوچنا چاہیئے کہ دنیا بھر میں مختلف قومیں علیحدگی کا نعرہ لگاتی آئی ہیں جب کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام پاکستان میں شمولیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج، این ایل آئی اور دیگر سیکورٹی اداروں میں اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والی قوم کو پاکستانی شناخت دینے میں پس و پیش سمجھ سے بالاتر ہے، گلگت بلتستان کے باوفا فرزندوں کو آئینی تشخص سمیت سی پیک میں جائز حق دینا حکمرانوں اور مقتدر اداروں کی اولین ذمہ داری ہے جس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوا جاسکتا، ن لیگی وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن خطے میں فرقہ واریت اور مذہبی تعصب کو ہوا دینے میں مصروف ہیں، انہیں عوامی مسائل کے حل اور حقوق کے حصول سے کوئی دلچسپی نہیں، حالیہ اینٹی ٹیکس موومنٹ میں بھی وہ صوبے سے فرار ہوکر اسلام آباد میں روپوش ہوگئے تھے، کیپٹن (ر) محمد شفیع کو اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں، امید ہے وہ ایوان میں اپوزیشن جماعتوں اور ان کے کارکنان اور ووٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی جدوجہد میں مجلس وحدت مسلمین کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

کیپٹن (ر) محمد شفیع خان نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں بحیثیت قائد حزب اختلاف میرے انتخاب میں ایم ڈبلیو ایم کا کردار کسی صورت اسلامی تحریک پاکستان سے کم نہیں ہے، ایم ڈبلیو ایم کے اراکین اسمبلی نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر مجھے اپنے قیمتی ووٹ دیکر اپوزیشن لیڈر منتخب کروانے میں اہم کردار ادا کیا، میں ایم ڈبلیو ایم اور اسلامی تحریک کو اپنے دو بازو سمجھتا ہوں، انشاء اللہ ایم ڈبلیو ایم اور اسلامی تحریک مل کر گلگت بلتستان اسمبلی کے اندر اور باہر خطے کے غصب شدہ حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے، آئینی شناخت اور پاک چین اقتصادری راہداری منصوبے میں اپنے جائز حق کو کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے، نشان حیدر کی حامل گلگت بلتستان کی قوم کی حب الوطنی پر شک کرنے والے کسی صورت پاکستان کے مخلص نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو آئینی حیثیت دے کر سی پیک منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے تاکہ بھارت کی جانب سے جاری منفی پروپگینڈے کا بھی خاتمہ ممکن ہو۔ میری پوری خواہش ہوگی کہ آئندہ انتخابات میں دونوں قومی و ملی جماعتیں مشترکہ سیاسی حکمت عملی مرتب کرکے سیاسی میدان میں وارد ہوں اور مل کر حکومت سازی کریں۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی محبتوں اور الفتوں کا میں دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے گلگت، اسکردو، اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی جانب سے جو پزیرائی اور محبت ملی ہے اسے فراموش نہیں کرسکتا۔

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء و رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کو وزارت ملنے پر علاقہ عمائدین کی جانب سے مبارکبادی کا سلسلہ جاری ہے۔ دو جنوری کو مسلم لیگ (ق) کے رکن بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو اور ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔ جس کے بعد اکتالیس اراکان اسمبلی نے تحریک کی حمایت کرتے ہوئے نئے قائد ایوان کے لئے میر عبدالقدوس بزنجو کو منتخب کیا۔ وزیراعلٰی کی تبدیلی کے بعد چودہ رکنی کابینہ میں سید محمد رضا کو بھی شامل کرکے انہیں قانون و پارلیمانی امور، جنگلات اور لائیو اسٹاک کا قلمدان سونپا گیا۔ تحریک عدم اعتماد میں مرکزی کردار ادا کرنے اور وزارت ملنے کے بعد سید محمد رضا کو علاقہ معززین کی جانب سے مبارکبادی کا سلسلہ جاری ہے۔

 

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی دو روزہ تربیتی و تنظیمی ورکشاپ جامعہ شہید مطہری ملتان میں اختتام پذیر ہوگئی، ورکشاپ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی اور مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع بشمول ملتان، مظفرگڑھ، علی پور، لیہ، بھکر، رحیم یارخان، میانوالی اور لودھراں کے سیکرٹری جنرل اور ضلعی کابینہ کے افراد نے شرکت کی۔ بعدازاں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کی، اجلاس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، محمد اصغر تقی، سیکرٹری تنظیم سازی ناصر عباس، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، سیکرٹری تربیت سید وسیم عباس زیدی، سیکرٹری فلاح و بہبود سید زعیم زیدی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی، ندیم عباس کاظمی، سید عدیل زیدی، مولانا ہادی حسین ہادی اور اظہر کاظمی موجود تھے۔ اجلاس میں خصوصی طور پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف ایشوز پر اظہار خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم کی بلوچستان میں سیاسی کامیابی تاریخ ساز ہے، خدا نے اہلیان کوئٹہ اور مظلومین پاکستان کو آغا رضا کی شکل میں عزت سے نوازا ہے، اُنہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں اور شہروں میں عوام کو اپنی طاقت کا احساس کرنا چاہیے، اگر اہلیان علمدار روڈ اپنی طاقت کے ذریعے سے پارلیمنٹ میں اپنی آواز پہنچا سکتے ہیں تو باقی لوگ کیوں نہیں؟ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اگلے الیکشن میں قوم سے توقعات وابستہ ہیں، سانحہ قصور جیسے واقعات حکومت اور حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، حکومت میں موجودکرپٹ وزراء اور مشیر ملک میں جاری بدامنی کے ذمہ دار ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا ء کو انصاف ملتا تو شاید قصور میں زینب کی عصمت دری نہ ہوتی۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے قصور واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بربریت و سفاکیت کا بدترین واقعہ ہے، جس کے لئے مذمت جیسا لفظ ناکافی اور چھوٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کے ذمہ دار وہ حکمران ہیں، جنہیں عوام کی جان و آبرو سے کوئی غرض نہیں اور وہ اقتدار کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ اس المناک واقعہ نے جہاں پاکستان کے ہر فرد کو اضطراب اور دکھ میں مبتلا کیا ہے، وہاں عالمی سطح پر وطن عزیز کے وقار کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام حکومت کی ایما پر سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں رہا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قصور میں انسانیت کی تذلیل کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ اگر ماضی میں ان سفاک مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا تو آج معصوم زینب کے والدین کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ نااہل حکمران یہ ذمہ داری ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں اور اقتدار میں رہنے کا جواز کھو چکے ہیں۔ کم سن بچوں پر جنسی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک اسلامی ریاست کے چہرے پر بھیانک داغ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ میں اس اہم مسئلہ پر قانون سازی کرتے ہوئے ایسے گھناونے واقعات کا ارتکاب کرنے والوں کے فوری ٹرائل اور سرعام پھانسی کی سزا متعین کی جائے۔ انہوں نے کم سن زینب کے قتل میں ملوث افراد کے لئے فوری اور عبرت ناک سزا کا مطالبہ بھی کیا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے بارے میں ہتک آمیز بیان کیخلاف مجلس وحدت مسلمین سندھ ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام گڑھی خیرو میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پنج گلہ چوک پر منعقدہ احتجاج سے خطاب ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کیا۔ اس موقع پر ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا سیف علی ڈومکی، سیکریٹری تنظیم حسن رضا غدیری، تحصیل کے رہنما سید جہان علی شاہ و دیگر شریک تھے۔

اپنے خطاب میں علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ معذرت خواہانہ رویہ درست نہیں، امریکی صدر کی اسلام دشمنی اور پاکستان دشمنی کا دندان شکن جواب دینا چاہیئے، بیس کروڑ شجاع اور محب وطن انسانوں کا یہ ملک امریکی مداخلت کے بغیر بہترین انداز میں چل سکتا ہے، امریکی ایڈ کو ایڈز سمجھتے ہیں، جس کی ہمیں قطعا کوئی ضرورت نہیں، امریکہ پاکستان میں اپنے کم ہوتے اثر و رسوخ سے پریشان ہے، اس کی پریشانی میں اب اور اضافہ ہوگا، ہم دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ ہیں اور بیت المقدس کو فلسطین کا دارالخلافہ سمجھتے ہیں، قبلہ اول پر قبضے کا امریکی و اسرائیلی خواب جلد چکنا چور ہوگا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 25 دسمبر یوم ولادت بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے موقع پر ملک کےچاروں صوبوں سمیت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں "ہمیں قائد اعظم کاپاکستان چاہیئے "کے عنوان سے ریلیاں اور سیمینار منعقد کرانے کا اعلان کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم میں پیغمبر خدا حضرت عیسی علیہ السلام اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت کے سلسلے میں پروقار تقریب کا اہتمام کریں گے،جس میں مختلف مکاتب و مذاہب کے اکابرین کو مدعو کیا گیا ہے،مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ہم انتہاپسندی،فرقہ واریت کیخلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے تکفیریت کو ختم کرنا ہوگا، مسلمانوں کی تکفیر کرنے والے لوگ ہی دراصل معاشرے میں تقسیم اور قتل و غارت گری کے ذمہ دار ہیں،ہم تکفیریوں کو شلٹر دینے کے کسی بھی عمل کو ملک و قوم اور شہداء کے پاکیزہ لہو سے خیانت تصور کریں گے،قائد اور اقبال کے پاکستان کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اقدام نے امت مسلمہ کے دل میں خنجر پیوست کردیا ہے، امریکہ کو عالمی قوانین کی ہرگز پرواہ نہیں اور نا ہی دنیا کے امن سے کچھ مطلب ہے، اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے اس نے دنیا بھر میں انسانوں کا قتل عام کیا ہے، بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر فوری طور پر امریکہ سفیر کو وزات خارجہ میں طلب کیا جائے، حکومت پاکستان اس مسئلے اپنے موقف کو واضح طور پر پیش کرے۔ ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین اس مسئلے پر ہرگز خاموش نہیں بیٹھے گی، قبلہ اول مسلمانان عالم کا دل ہے، اس کیخلاف امریکہ اور اسرائیل کی سازش کو ہم کبھی کامیاب ہونے نہیں دیں گے، اسرائیل انشاء اللہ دنیا کے نقشے سے جلد مٹ جائیگا، اسرائیل کے خاتمے کا کاونٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کا بچہ بچہ غاصب انسانیت دشمن صہیونی ریاست کیخلاف لڑنے اور بیت المقدس کی آزادی کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کہاں ہے آل سعود کی نام نہاد اسلامی اتحادی افواج؟ آج امریکی اعلان کے بعد اس نام نہاد جعلی اتحاد کا بھی اندازہ مسلم امہ کو ہوگیا ہے، یہ اتحاد مسلم امہ کے لئے نہیں بلکہ یمن کے مظلوم مسلمانوں کے قاتل آل سعود اور اسرائیل کے سرپرست امریکہ کے مفادات کے تحفظ کے لئے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب کے عیاش بادشاہ اسرائیل اور امریکہ کے اتحادی ہیں، انشاء اللہ ظالموں جابروں کے خاتمے کا وقت آپہنچا ہے، وہ وقت دور نہیں جب اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکہ کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے، مسلمان متحد ہوکر امریکہ اسرائیل اور اس کے اتحادی پٹھوؤں کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اسے ہم سرانجام دیتے رہیں گے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن،امامیہ آرگنائزیشن،مدارس جعفریہ و دیگر شیعہ تنظیموں کے رہنماوں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیراعلیٰ ہاوس کے گھیراو کا اعلان کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سید ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کو تقریبا ایک ماہ کا عرصہ گزرچکا،ہم نے انتہائی صبرتحمل کیساتھ وقت گذارا کہ شائد پنجاب کے نااہل حکمران ہوش کے ناخن لیں،مگر ان بے حس حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہ رینگی،اعلیٰ عدلیہ کو مسلسل گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،مختلف ہیلے بہانوں سے حکومت ڈنگ ٹپاو پالیسی پر گامزن ہے،مجبوراً 10 دسمبر کو وزیر اعلیٰ ہاوس پنجاب کے باہر سید ناصر شیرازی کی بازیابی کے لئے دھرنا دیا جائے گا جو انکی بازیابی تک جاری رہیگا۔