تازہ ترین

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹننٹ جنرل ندیم رضا کو سندھ رجمنٹ کا کرنل کمانڈنٹ مقرر کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے سندھ رجمنٹل سینٹر حیدر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے لیفٹننٹ جنرل ندیم رضا کو سندھ رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ کے رینک لگائے۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا سندھ رجمنٹ میں فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ راولپنڈی کور کے کمانڈر کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

لیفٹننٹ جنرل ندیم رضا کو سندھ رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ کے رینک لگانے کے لئے سندھ رجمنٹل سینٹر حیدر آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینٹر کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے تقریب میں ملک کے دفاع اور سلامتی کے لئے سندھ رجمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں حیدرآباد پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اپر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں دہشتگرد حملے میں میجر سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اپر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر سرچ آپریشن کیا اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی اور 2 دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں میجر علی سلمان سمیت 4 جوان شہید ہو گئے جبکہ فورسز کی فائرنگ سے ایک دہشتگرد مارا گیا۔

شہید ہونے والوں میں میجر علی سلمان، حوالدار غلام نذیر، حوالدار اختر اور سپاہی عبدالکریم شامل ہیں۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا۔

واضح رہے کہ قبل ازیں سلطان خیل درہ کے علاقہ میں شیر اتکل میں خودکش دھماکے میں 5 سکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے تھے۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک دوسرے کو گرفتارکر لیا گیا تھا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر سطح پر جائیں گے، پاک فوج شہداء کے اہل خانہ کو کبھی نہیں بھولے گی۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایبٹ آباد کے دورہ میں بلوچ رجمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملکی دفاع میں بلوچ رجمنٹ کے اہم کردار پر فخر ہے، شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آرمی چیف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہم اپنی سرحدوں کے امین ہیں، دہشت گردی کے خاتمہ اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر سطح پر جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں آرمی چیف کو اعزازی طور پر چیف آف بلوچ رجمنٹ کے رینکز بھی پیش کئے گئے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج میں بلوچ رجمنٹ کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا۔

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین ناجائز ہے، گالیاں دینا ہمارا شعار ہے اور نہ ہی مسلح جدوجہد کی ضرورت ہے۔ موجودہ نظام فاسد ہے، جس میں تحریک جعفریہ کی بحالی میں مجھے انصاف نہیں ملا تو عام آدمی کا کیا حال ہوگا۔ پاکستان میں اسلام کے عادلانہ نظام کے قائل ہیں، کسی خاص برانڈ کا اسلام قبول نہیں کریں گے۔ عزاداری میں وہ شریک ہو جو بم دھماکے برداشت کرنے کی جرات رکھتا ہو، ہمیں کنٹینروں کے حصار، خاردار تاروں کے جھنڈ اور سنگینوں کے سائے میں عزاداری قبول نہیں۔ عزاداری کے خلاف درج ایف آئی آرز ختم کی جائیں۔

زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل اور اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسلامی تحریک کے سینیئر نائب صدر مرحوم وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ کے قصر زینب میں منعقدہ چہلم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چہلم سے علامہ عارف واحدی، صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری، علامہ مظہر عباس علوی، وفاق المدارس الشیعہ کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ محمد افضل حیدری، مجمع اہل بیت پاکستان کے سیکرٹری علامہ شبیر حسن میثمی، وفاق علماء شیعہ پاکستان علامہ رضی جعفر نقوی، محمد شفیع پتافی، سکندر رضا نقوی، مرکزی صدر جے ایس او حسن عباس اور دیگر نے خطاب میں مرحوم وزارت نقوی کی سیاسی، مذہبی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ایشیاء میں کوئی مسلح جدوجہد کامیاب نہیں ہوئی، قیام پاکستان اور ایران میں انقلاب اسلامی عوامی جدوجہد سے آئے۔ میں ملک کا طاقتور حصہ ہوں، ہمیں عسکری ونگ کی ضرورت ہے نہ ہی اس کے قائل ہیں۔ میں عوامی جدوجہد پر یقین رکھتا ہوں، مسلح جدوجہد کا محتاج نہیں۔ پاکستان میں کوئی گروہ یا فرد ایسا نہیں جس کے خلاف ملت جعفریہ کو مسلح جدوجہد کی ضرورت ہو۔ ایک دہشت گرد گروہ کے آرمی چیف کے نام کھلے خط کا حوالہ دیتے ہوئے قائد ملت جعفریہ نے کہا کہ گالیاں دینا مرد کا کام نہیں، دہشت گرد گروہ سپہ سالار سے التجائیں کر رہا ہے کہ انہیں ہمارے ساتھ بٹھائیں، میری کوئی مجبوری ہے اور نہ ہی میں نے کسی سے مذاکرات کی التجا کی ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ وہ اتحاد بین المسلمین کے بانی ہیں، ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق پر عراق کی مرجعیت اور ولی امرمسلمین نے مہر تصدیق ثبت کی ہے۔ خاندانی نسب اور دولت نہیں، انسان کا حوالہ وہ نیک اعمال ہیں جو وہ دنیا میں سرانجام دیتا ہے۔ وزارت نقوی کی جدوجہد اس بات کا ثبوت ہے کہ تحریک جعفریہ کو کسی مسلح جدوجہد کی ضرورت نہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ آرمی کی قیادت میں تبدیلی کا ملکی حالات پر اثر نہیں ہونا چاہیے، نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب کے مطابق فرقہ واریت، انتہاپسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے۔ ہم نے 14 سال صبر و تحمل سے کام لیا، تحریک جعفریہ پر پابندی میرٹ پر ختم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں اور پاکستان میں اتحاد امت کو ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر تنظیمی شکل دی، جس کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تشیع کو دباؤ اور خوف میں رکھنا ممکن نہیں۔

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نےکہا ہے کہ بیرونی خطرات کے پیش نظر گروہ بندی نہیں صف بندی کی ضرورت ہے، پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں ختم کرنے کیلئے رینجرز آپریشن کی ضرورت ہے، ’’سیاست بذریعہ دولت اور دولت بذریعہ سیاست‘‘ کا چلن ختم ہونا چاہیئے، بارود والوں کا دور ختم اور درود والوں کا دور شروع ہونیوالا ہے۔

زرائع کے مطابق لاہور کی ضلعی کابینہ کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ امریکہ، بھارت، اسرائیل اور افغانستان نے پاکستان کیخلاف گٹھ جوڑ کر رکھا ہے، افغانستان کا صدر بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، امریکہ، بھارت اور اسرائیل کے حکمرانوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیئے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت دریاؤں کا پانی روک کر پاکستان کو بنجر بنانے کی سازش کر رہا ہے، ہماری حکومت بھارتی آبی دہشتگردی کیخلاف عالمی سطح پر آواز اُٹھائے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے، قوم حکمرانوں سے مایو س اور اہل سیاست سے بیزار ہے، پاکستان کا اسلامی تشخص ختم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، محب وطن اور عوام دوست قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، 2017ء الیکشن کا سال ثابت ہوگا۔ سنی اتحاد کونسل کے کارکنان الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں، پنجاب میں آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے جنوبی پنجاب دوسرا وزیرستان بن چکا ہے، حکومت کالعدم تنظیموں کی بیرونی فنڈنگ نہیں روک سکی، کالعدم تنظیموں کا نام بدل کر کام کرنا حکومت کی نااہلی ہے۔

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے بے شمار قربانیاں دیں اور آئندہ بھی پاک فوج ملکی سلامتی کے لئے کردار ادا کرتی رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آڈیٹوریم میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ضرب عضب میں بے شمار قربانیاں دیں، ضرب عضب میں افسروں کی قربانیاں اور قائدانہ کردار قابل فخر ہے پاک فوج آئندہ بھی قومی سلامتی سے متعلق اپنا اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج نے پیشہ وارانہ امور، ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی اظہار خیال کیا۔

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی تصادم کی جانب بڑھ رہی ہے، ہم کل ہوا کی مخالف سمت اڑان بھرنے کا اعلان کریں گے۔

زرائع کے مطابق حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میں اکثریت عقل کے اندھوں کی ہے، ہم مفاہمت اور محبت والی فضا کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، لیکن (ن) لیگ سیاسی تصادم کی جانب گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج حکمران نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کی بات کرتے ہیں، جبکہ جنرل (ر) راحیل شریف کے دور میں یہ جرأت کسی میں نہیں تھی، یہ کون ہوتے ہیں جو جائزہ لینے کی باتیں کرتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان عوام نے منظور کیا تھا، لیکن (ن) لیگ نے طاقت کے بل پر پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہونے دیا۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو کوئی آمر نہیں روک سکتا، بے نظیر اور نواز شریف کے راستے بھی روکے گئے، لیکن ان کی جدوجہد کا راستہ نہیں روکا جا سکا، ہمارے رہنماؤں کے خلاف کیسز بنے، لیکن ہم خاموش رہے، ہمارے قائد کو پھانسی دی گئی، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ اذیت ناک اموات فتح کی علامت بن جاتی ہیں۔ مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ آج بھی ہمیں کسی کا خوف نہیں، جبکہ ہم نے کل ہوا کی مخالف سمت اڑان بھرنے کا فیصلہ کرنا ہے اور اس اڑان میں ہم تنہا نہیں ہوں گے، بلکہ تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسرائیل کی جانب سے پاکستان پر ایٹم بم حملے کی خبر پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسرائیل پر ایٹمی حملے کی دھمکی دی ہے۔

زرائع کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ شام میں سعودی تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کیخلاف پاکستان کے کردار پر اسرائیلی وزیر دفاع پاکستان کو ایٹم بم سے نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے یہ حقیقت بھول گئے کہ پاکستان بھی ایک ایٹمی ریاست ہے۔اطلاعات کے مطابق پاکستانی وزیر دفاع نے ایک ایسے ٹویٹر پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے اپنا بیان جاری کیا ہے، جس میں اسرائیلی وزیر دفاع سے ایک دھمکی آمیز بیان منسوب کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر پاکستان نے کسی بھی طریقے سے شام میں اپنی بری فوج بھیجی تو ہم پاکستان کو ایٹمی حملے سے تباہ کر دیں گے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک من گھڑت اخباری رپورٹ تھی اور یہ بیان اسرائیل کے موجودہ وزیر دفاع آویڈور لائبرمین کے بجائے، اسی سال مئی میں مستعفی ہونے والے وزیر دفاع موشے یعلون سے منسوب کیا گیا تھا۔

اسرائیلی وزارت دفاع نے پاکستانی وزیر دفاع کے ٹویٹر پیغام پر فوری تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی کوئی رپورٹ یا بیان اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اسرائیلی عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر دفاع نے جس رپورٹ کا حوالہ دے کر ٹویٹر پیغام جاری کیا ہے، وہ من گھڑت اور جھوٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے سابق وزیر دفاع نے بھی کوئی ایسی دھمکی یا بیان نہیں دیا۔ اسرائیل کی طرف سے دھمکی کی تردید سے صہیونیوں کے دلوں میں موجود پاکستان کی مسلح افواج کا خوف واضح طور پر جھلک رہا ہے۔

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے اتحادی افواج کے سربراہ نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر محمود باجوہ سے اتحادی افواج کے سربراہ جنرل جان نکلسن نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور پاک افغان سرحد پر بارڈر مینجمنٹ کے میکنزم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل نکلسن نے دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کی تعریف کی۔

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاکستان کی مسلح افواج نے جدید ترین کروز میزائل بابر 2 کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بابر 2 کروز میزائل فضا، زمین اور سمندر میں بھی مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، میزائل 700 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی) کے مطابق بابر 2 میزائل میں جدید ترین اسٹیلتھ ٹیکنالوجی اور جدید ترین آلات استعمال کیے گئے، کروز میزائل بابر ٹو میں جدید ترین نیوی گیشن سسٹم نصب ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات نے تجربے کا مشاہدہ کیا اور انہوں نے اس موقع پر کہا کامیاب تجربے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔