تازہ ترین

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام محرم الحرام سے قبل مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی قیادت میں جماعت اسلامی ملتان کے امیر میاں آصف محمود اخوانی سے ملاقات کی، اس موقع پر پر ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی اور ملک عامر کھوکھر اور جماعت اسلامی کی جانب سے ضلعی جنرل سیکرٹری صہیب عمار، الخدمت فائونڈینشن کے ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر ہاشمی اور دیگر رہنما موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے محرم الحرام میں امن واستحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ محرم الحرام میں برادران اہلسنت کی جانب سے تعاون قابل تحسین ہے، محرم الحرام میں اہلسنت برادران کو سبیلیں لگانے اور تعاون پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انتظامیہ عزاداروں کے مسائل فوری حل کرے، عزاداروں کو ہراساں کیے جانے کا عمل ختم ہونا چاہیے، ملتان میں اتحاد و وحدت کے حوالے سے تمام معتدل مذہبی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی نے کہا کہ جماعت اسلامی عالم اسلام کی بہتری اور ملکی سلامتی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے، ملتان میں تمام جماعتوں کے اتحاد سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام منعقدہ ’’امام حسین محسن انسانیت سیمینار‘‘ کی دعوت دی جسے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر نے قبول کیا۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وفد نے عمران خان کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے وفد سے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹیریٹ شادمان لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں این اے 120 میں ہونیوالے ضمنی الیکشن سے متعلق باہمی امور پر بات چیت کی گئی۔

ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد اقبال رضوی کی قیادت میں این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ ملاقات میں این اے 120 کی امیدوار یاسمین راشد، شفقت محمود، علیم خان، عندلیب عباس، سید ناصر شیرازی، علامہ مبارک علی موسوی، سید اسد عباس نقوی اور دیگر رہنما شریک تھے۔ ملاقات کے بعد دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں آغا احمد اقبال رضوی نے این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی بھرپور حمایت کا اعلا ن کیا۔

آغا احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کرپشن کیخلاف بہت زیادہ جدوجہد کی ہے جو کہ قابل تعریف ہے اور ایم ڈبلیو ایم اس الیکشن کیمپین میں ڈاکٹر یاسمین راشد اور پی ٹی آئی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے مجلس وحدت مسلمین کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے انتہائی مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ قومی امور پر بھی باہمی تعاون کیساتھ مل جل کر کام کریں گے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ حکمران امریکہ سے خوفزدہ ہوسکتے ہیں مگر پاکستانی قوم نہیں، گذشتہ دنوں نمائش چورنگی پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی پر امن احتجاجی ریلی پر سندھ پولیس اور حکومتی ذمہ داران نے جو تشدد کیا وہ قابل مذمت ہے۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوانوں کا قصور اور جرم یہ تھا کہ وہ شیطان بزرگ امریکہ کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور اس بات کا عہد بھی کیا جا رہا تھا کہ پاکستانی مفادات پر ہم سب کی جان قربان ہے جس پر انہیں درندگی کا نشانہ بنایا گیا، لیکن ہمارے نوجوانوں کو یہ پیغام دیدیا کہ وہ امریکہ سے خوفزدہ نہیں اور ذلت و رسوائی امریکہ کی قسمت میں لکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کے ذمہ داران کو سزا دی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کا سدباب کیا جائے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات و رکن شوریٰ عالی سید اسد عباس نقوی نے لاہور میں سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ امریکن بلاک کو ہمیشہ کے لئے خیر باد کہہ دیا جائے، امریکہ نے 70 ہزار پاکستانی شہداء کی قربانیوں اور 20 کروڑ عوام کی توہین کی ہے، وقت آگیا ہے انسانیت دشمن امریکہ کو منہ توڑ جواب دیا جائے، امریکہ اور انڈیا پاکستان کی اقتصادی راہداری کے دشمن ہیں، امریکی دھمکی پر 34 ملکی اتحاد کی خاموش لمحہ فکریہ ہے، ن لیگی حکومت قوم کو بتائے راحیل شریف کی سربراہی میں بننے والے اتحاد نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کو نظر انداز کیوں کیا؟

انہوں نے کہاکہ اللہ نے وقت سے پہلے اس 34 ملکی اتحاد کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا، اب بھی وقت ہے کہ مشرق وسطیٰ کے پراکسی وار سے پاکستان کو دور رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی جانب سے مسلسل اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے، ن لیگ کو ملکی سلامتی نہیں آل شریف کی سلامتی عزیز ہے، ن لیگ کبھی بھی الیکشن سے اقتدار میں نہیں آئی، انہیں ہمیشہ سے ایک سازش کے تحت قوم پر مسلط کیا گیا، 62,63 کو نکال کر آئین پاکستان کو مسخ کرنے نہیں دینگے، ہمیں صادق اور امین حکمران چاہیئے چور لٹیروں کے دن گنے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے ابتدائی رپورٹ میں گلگت بلتستان کی آبادی کو شامل نہ کرکے اکنامک کوریڈور کے گیٹ وے پر بسنے والوں کو کیا پیغام دیا جا رہا ہے؟ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کو نظر انداز کرنے کی پالیسی کو ترک کریں، یہ دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں لوگ 70 سال سے پاکستان سے الحاق کی جدو جہد میں مصروف ہیں۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع مٹیاری کے ذمہ دار محمد خان کو چند روز قبل پیپلز پارٹی کے وڈیرے رئیس احمد علی نظامانی نے انتہائی ظالمانہ طریقے سے قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے با اثر وڈیرے رئیس احمد علی نظامانی نے چند روز قبل ضلع مٹیاری میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکن محمد خان کو انتہائی ظالمانہ طریقے سے قتل کردیا۔ظالم وڈیرے نے مقتول کے پا ئوں کاٹ کر مختلف علاقوں میں گھسیٹاجس کے بعد وہ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے جاں بر نہ ہوسکا۔

واقعے کے خلاف مئوثر اقدامات کرنے کے بجائے ایم ڈبلیو ایم ضلع مٹیاری کے ذمہ داران نے چپ سادھ لی ہے اور قاتل وڈیرے کے خلاف اقدام کرنے والے افراد کو بھی باز رہنے کی ہدایت کی جارہی ہے۔ مقتول کے لواحقین کا مجلس وحدت کی صوبائی قیادت سے مطالبہ ہے کہ با اثر وڈیرے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے اور مجلس کے علاقائی ذمہ داران کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی کی قیادت میں کراچی ڈویژن کے رہنماؤں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمت اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر قائد اعظم کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ پھولوں کا گلدستہ بھی مزار پر رکھا گیا اور پاکستان کے سترویں (70ویں) یوم آزادی پر مملکت خداداد کے لئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ یوم آزادی کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے نمائش چورنگی پر مرکزی کیمپ پر کیک کاٹا گیا اور شاندار آتش بازی بھی کی گئی۔ کراچی مزار قائد وفد میں علمائے کرام بشمول علامہ مبشر حسن، مولانا علی انور جعفری، مولانا اظہر نقوی، مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا صادق جعفری، مولانا احسان دانش و دیگر جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے علی حسین نقوی، ناصر حسینی اور کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی سمیت کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اس موقع پر علمائے کرام سمیت دیگر رہنماؤں نے پاکستان زندہ باد، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے کے شعار بلند کئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے ہمیں قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی ترویج کرنی ہوگی اور اس پاکستان کی داغ بیل ڈالنی ہوگی جس کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا، ہمیں چاہیئے کہ جناح اور اقبال کے پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے اپنا حصہ ڈالیں اور حکمران دہشت گردوں کے خلاف پورے ملک میں آپریشن کے آغاز کا اعلان کریں۔

درایں اثناء ایم ڈبلیو ایم کراچی کے تحت نمائش چورنگی پر جشن آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا، اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ اظہر نقوی، علامہ سجاد شبیر سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ایک محب وطن جماعت ہے اور ملک دشمن تکفیریوں کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی آئی ہے، سندھ کی سرزمین جو ہمیشہ امن و محبت کا گہوارہ رہی ہے، گذشتہ چند سالوں سے ایک سازش کے تحت یہاں دہشت گردوں کے مراکز اور سہولت کار پیدا کئے گئے ہیں، وطن عزیز کے استحکام کے لئے اتحاد امت انتہائی ضروری ہے، شیعہ سنی علما کی طرف سے تکفیری گروہوں کی حوصلہ شکنی نے یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں تکفیریت کی کوئی گنجائش نہیں، جو قوتیں تکفیریت کو پروان چڑھانا چاہتی ہیں انہیں شیعہ سنی وحدت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نواز شریف اداروں کے تصادم کی سازش سے باز آجائیں، ریاستی اداروں کے تقدس کو پامال کرنا نواز گروپ کی سازش ہے، سپریم کورٹ کے مقابلے میں عوامی عدالت کے نعرے لگانا عدالتوں پر سے عوام کا اعتماد ختم کرنے کی کوشش اور جمہوری اقدار کی نفی ہے۔

اپنے ایک بیان میں علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کی طرف سے ملک میں منفی سیاست کے رجحان کو فروغ دیا جا رہا ہے جو ملک و قوم کے لئے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنے گا، تین بار وزیراعظم کے منصب پر فائز رہنے والے شخص کی طرف سے قوم کو اعلی عدلیہ کے خلاف اکسانا اور تضحیک کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں تنقید کو برداشت کرنا اور آئین و قانون کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہی جمہوریت کا حسن ہے، عوامی اجتماعات میں عدالت عظمٰی کے خلاف واویلا کرکے عوام کو عدلیہ سے بدظن کرنا قانون و انصاف کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، ایک سیاسی جماعت کی مرکزی قیادت کی طرف سے یہ غیر سیاسی رویہ پوری دنیا میں پاکستانیوں کے لئے شرمساری کا باعث بنا ہوا ہے، اپنے دور حکومت میں کنٹینر کی سیاست کو ملکی ترقی و استحکام کے خلاف سازش قرار دینے والے آج خود کنٹینر پر سوار ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ آج سی پیک پر بات نہیں ہو رہی، آج بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت نہیں دی جا رہی بلکہ عدالتی فیصلوں کو رد کرکے ملک کو غیر مستحکم کیا اور یہ باور کرایا جا رہا ہے کہ پاکستان میں طاقت کی حکمرانی اور منفی سیاست کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد نواز شریف کو اپنے وعدے کا پاس رکھتے ہوئے خاموشی سے گھر چلے جانا چاہیئے تھا، پاکستان میں آج تک جتنے بھی احتجاج ہوئے وہ کرپشن اور ظلم کے خلاف تھے، نواز شریف کا یہ واحد احتجاج ہے جو ایک برسر اقتدار جماعت کے سربراہ کی طرف سے ملک کی اعلی عدلیہ کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے نواز شریف اگر مخلص ہیں تو انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے کو دل و جان سے تسلیم کرلینا چاہیئے اور عوام کو ریاستی اداروں کے مقابلے میں لانے سے گریز کرنا چاہیئے، اپنے اور اپنے خاندان کو نیب کے سامنے لاکر قومی دولت کو واپس کریں۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مٹیاری کی تحصیل ہالا میں مجلس وحدت مسلمین کے ووٹر محمد خان کا قتل پیپلز پارٹی کے وڈیرے رئیس احمد علی نظامانی اور مقامی انتظامیہ کی ایماء پر کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان سندھ کے عوام پر وڈیرہ شاہی کے جبر و ستم کیخلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے ہالا میں پیپلز پارٹی کے وڈیرے رئیس احمد علی نظامانی کی ایماء پر قتل ہونے والے مجلس وحدت مسلمین کے کارکن محمد خان کے قتل کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی غیور عوام وڈیرہ شاہی کیخلاف کھڑی ہو چکی ہے، محمد خان کے بہیمانہ قتل کا حساب پیپلز پارٹی کے وڈیرے اور اس کے حواریوں کو دینا پڑے گا اور محمد خان کے پسماندگان کو انصاف دلانے کے لئے ہم انصاف کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، اگر ضرورت پڑی تو اس خون ناحق اور ظلم کیخلاف ملک گیر احتجاج بھی کریں گے۔ علی حسین نقوی نے مزید کہا کہ اب بھی وقت ہے پیپلز پارٹی کی قیادت سندھ میں اپنے وڈیروں، ڈاکوؤں اور عوام کا استحصال کرنے والے سرداروں کو لگام ڈالے ورنہ بعید نہیں کہ ان کا حشر نواز شریف سے بدتر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ محمد خان کے پسماندگان کو انصاف دلانے تک ہم نہ خود چین سے بیٹھیں گے اور نہ ہی سندھ کی افسر شاہی کو چین سے بیٹھنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وڈیرے آنے والے انتخابات سے قبل اپنے اپنے حلقوں میں عوام کو پولیس اور اپنے غنڈوں کی طاقت کے ذریعے مرعوب کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، سندھ پولیس اور انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کے ان وڈیروں کے اشاروں پر غریبوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کرتے رہیں گے، مگر سندھ میں جاری مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان کے خلاف استحصال اور پولیس گردی کو قطعی طور پر برداشت نہیں کریں گے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام ستر سالہ جشن آزادی کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی رہنما آغا سیف علی ڈومکی، مولانا حسن رضا غدیری، نثار احمد ابڑو، سید غلام شبیر نقوی نے کی۔

جیکب آباد پریس کلب کے سامنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ برطانوی غلامی سے آزادی کا جشن قوم کو مبارک ہو مگر حقیقی آزادی تب ہوگی جب وطن عزیز سے امریکی غلامی کا خاتمہ ہوگا، قائداعظم کا پاکستان وہ حسین پاکستان ہے جو دہشت گردی اور کرپشن سے پاک ہو، علامہ اقبال کا پاکستان وہ پاکستان ہے جو امریکہ اور آل سعود کی مداخلت سے پاک ہو، جہاں قوم کی قسمت کے فیصلے عوام کے منتخب صالح بندوں کے ذریعہ منتخب ایوانوں میں کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ چودہ اگست کو مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ یوتھ ونگ کے زیر اہتمام آزادی مارچ کا خیرپور سے آغاز ہوگا، جبکہ ضلع سکھر، شکارپور، لاڑکانہ، خیرپور کے مختلف مقامات پر جشن آزادی کی خوبصورت تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ نواز شریف عوام میں اپنی مقبولیت کھو چکے ہیں۔ اسلام آباد سے لاہور کے لیے نکلنے والی ریلی نے ان کی خوش فہمی کو مایوسی میں بدل کر رکھ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے نواز شریف کو پارٹی صدارت کی طرف سے فارغ کرنے کے حکم کے بعد ان کا سیاست میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ عوام اب باشعور ہو چکی ہے۔ نااہل وزیر اعظم اپنے جذباتی نعروں سے اب عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے مطابق راولپنڈی میں نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے سات سے دس ہزار افراد سڑکوں پر نکلے۔ تیس لاکھ کی آبادی والے شہر سے صرف دس ہزار افراد کی حمایت کا مطلب واضح ہے۔ عوام نے نواز شریف کو مسترد کر دیا ہے، نواز شریف جس مینڈیٹ کا واویلا کر رہے ہیں وہ عوام نے انکو نہیں دیا بلکہ وہ انجینیرڈ الیکشنز کے ذریعہ برسراقتدار آئے تھے۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے نواز شریف استقبالیہ پروگرام کو مسترد کرنے کے بعد سابق حکومت کے وزرا اپنی جگ ہسائی کو چھپانے کی خاطر کبھی ممتاز قادری ک جنازہ تو کبھی سکھوں کے اجتماع کے ہجوم کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔ اگر چار سالہ اقتدار میں عوام کا خیال رکھا جاتا اور قومی دولت نہ لوٹی جاتی تو آج انہیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ سابق دور حکومت میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کی بنیادی ذمہ داری سے بھی غفلت برتی گئی۔ دہشت گردی، لاقانونیت،مہنگائی، عدم تحفظ، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور معیاری تعلیم کے فقدان سمیت بہت سارے دیگر مسائل نے عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنائے رکھا۔ دہشت گرد گرہوں اور کالعدم مذہبی جماعتوں کے سربراہان مسلم لیگ کے وزرا سے آئے روز ملاقاتیں کرتے رہے جو دہشت گردی کے خاتمے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی میں عدلیہ کے خلاف تقریریں کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جانے چاہیے۔