فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ کے قافلے کے نزدیک دھماکا

  • منگل, 13 مارچ 2018 16:42

شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) ایک فلسطینی سکیورٹی ذریعے نے منگل کے روز بتایا ہے کہ غزہ پٹی کا دورہ کرنے والے فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ اور فلسطینی انٹیلی جنس کے سربراہ ماجد فرج کے قافلے کے نزدیک ایک دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہو گئے تاہم فلسطینی وزیراعظم اور انٹیلی جنس چیف محفوظ رہے۔ واقعے میں وزیراعظم کے قافلے میں شامل تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ ایک دروازے پر خون کے چھینٹے بھی آئے۔
موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رامی الحمد اللہ نکاسیِ آب کے ایک اسٹیشن کے افتتاح کے لیے غزہ پٹی پہنچے تھے۔ اس منصوبے کے لیے 7.5 کروڑ ڈالر کی مطلوبہ فنڈنگ بین الاقوامی بینک، یورپی یونین اور یورپی حکومتوں کی طرف سے کی گئی۔

دوسری جانب فلسطینی صدارتی اتھارٹی نے فلسطینی وزیراعظم اور انٹیلی جنس چیف کے قافلے کو نشانہ بنائے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے واقعے کا ذمّے دار حماس تنظیم کو ٹھہرایا ہے۔

ادھر حماس تنظیم نے اپنے ایک بیان میں رامی الحمد اللہ کے قافلے کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مجرمانہ کارروائی غزہ پٹی کے امن و امان کو خراب کرنے کی کوششوں کا حصّہ ہے جس کا مقصد مصالحت اور یک جہتی کی کوششوں پر ضرب لگانا ہے۔ حماس نے سکیورٹی اداروں اور وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مجرمانہ کارروائی کی فوری تحقیققات کی جائیں اور اس کے مرتکب عناصر کو قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.