تازہ ترین

جنوبی وزیرستان میں جشنِ آزادی کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا

  • ہفتہ, 12 اگست 2017 15:55

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جنوبی وزیرستان میں 70 ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے پورے علاقے میں پاک فوج کے زیر اہتمام متعدد تقریبات منعقد کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں جشن آزادی کی تیاریاں جاری ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں 70ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جاوید سلطان کیمپ وانا میں ایک پریس بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بریگیڈئیر عامر احمد نے ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو جنوبی وزیرستان میں 70ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کرنل اختر، کرنل اجمل، میجر فاروق، میجر انس و دیگر فوجی افسران موجود تھے۔

بریگیڈئیر عامر احمد نے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلہ میں جنوبی وزیرستان کے 3 بڑے شہروں وانا، کانیگرم اور شکئی میں 13 اگست کی رات 12 بجے جیسے ہی 14 اگست کا آغاز ہوگا آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگوں میں جشن آزادی کے حوالے سے بہت زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے اور مقامی لوگوں کی دلچسپی اور حب الوطنی کے جذبے کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے ہر گھر پر قومی پرچم لہرا کر پاکستان سے محبت اور ملی جذبے کا اظہار کیا جائے گا، جبکہ 14 اگست کے دن جنوبی وزیرستان، ٹانک، شکئی، کانیگرم، لدھا، مکین، مروبی، پش زیارت اور بروند سمیت ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن آزادی کے حوالے تقریبات منعقد ہوں گی، جن کی میڈیا کوریج کےلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

بریگیڈئیر عامر احمد نے کہا کہ جشن آزادی کے سلسلے میں کھیلوں کے مقابلے، ٹیبلو، تقریری مقابلے، کار ریلی اور دیگر بہت سے پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں قیام امن کے بعد عوام کا جذبہ دیدنی ہے اور ہم 70ویں یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے اور تاریخی طور پر منانا چاہتے ہیں تاکہ جشن آزادی کی تقریبات یاد گار ثابت ہوں اور قبائلی عوام کی جانب سے پورے پاکستان کو ایک مثبت پیغام جائے۔

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.