داعش کے خاتمے کیلئے آپریشن خیبر 4 کا آغاز کر دیا گیا ہے، آئی ایس پی آر

  • پیر, 17 جولائی 2017 11:44

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے وادی راجگال میں خیبر 4 آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد سرحد پار موجود جنگجو تنظیم داعش کی پاکستانی علاقوں میں کارروائیوں کو روکنا ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، تاہم آج سے خیبر 4 آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو آپریشن ردالفساد کا حصہ ہے، خیبر 4 آپریشن وادی راجگال اور شوال کے علاقے میں داعش کی بڑھتی ہوئی موجودگی کے باعث شروع کیا گیا ہے، آپریشن کا مقصد سرحد پار موجود جنگجو تنظیم داعش کی پاکستانی علاقوں میں کارروائیوں کو روکنا ہے اور علاقے میں داعش کا اثر و رسوخ ختم کرنا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ 22 فروری سے آپریشن ردالفساد کا آغاز ہوا، جس میں 46 بڑے آپریشن کئے گئے، انہوں نے ملک کی مجموعی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے واقعات میں 98 فیصد کمی آئی اور آنے والے دنوں میں دہشت گردی کے واقعات میں مزید کمی آئے گی، ایپکس کمیٹی میں پانی سمیت کراچی کو درپیش تمام مسائل کا جائزہ لیا گیا اور بہتری کے لئے فیصلے کئے گئے ہیں، ردالفساد کے تحت سندھ میں 522 دہشتگردوں نے ہتھیار ڈالے، جبکہ 15 ہلاک ہوئے، پنجاب میں 6 بڑے آپریشن کے دوران 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ خیبر پختونخوا میں 27 بڑے آپریشن کئے گئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی صورتحال گذشتہ دنوں میں کافی کشیدہ رہی، بھارت جب بھی سیز فائر کی خلاف ورزی کرتا ہے، وہ عام شہریوں کو نشانا بناتا ہے، تاہم پاک فوج اس طریقہ کو بہتر نہیں سمجھتی اور جس بنکر سے فائر ہوتا ہے، اسکو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اس وقت افغان فورسز اور حکومت کی گرفت کمزور ہو رہی ہے، جبکہ راجگال آپریشن کے بارے میں افغان فورسز کو آگاہ کر دیا ہے، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے جس کو مانیٹر کیا جائے گا جبکہ حکومت پاکستان نے افغان حکومت سے ہر قسم کے تعاون کا اعلان کیا ہے اور افغان فورسز سے ہر قسم کے تعاون کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ داعش کا پاکستان میں نہ تو کوئی منظم نیٹ ورک ہے اور نہ ہی ہم اس کو پاکستان میں آنے کی اجازت دیں گے، افغانستان میں داعش کا نیٹ ورک ضرور ہے، جو نہ صرف بڑھ رہا ہے بلکہ مضبوط بھی ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے رحم کی اپیل کی ہے، جس کے بعد آرمی چیف کلبھوشن کیس کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم کلبھوشن کی رحم کی اپیل پر فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پچھلے 15 سال سے پاکستان آرمی، سکیورٹی فورسز اور عوام ایک جنگ میں مصروف ہیں، لٰہذا یہ کہنا کہ پاکستان آرمی کسی سازش کا حصہ ہے، اس سوال کا جواب دینا بھی نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کیس کو صرف آئی ایس آئی نے نہیں ہینڈل کیا بلکہ دیگر ادارے بھی شامل تھے، جبکہ وہ کتاب ایک کنٹریکٹر کی حیثیت سے لکھی ہے، جس کا کوئی نہ کوئی مقصد ہوتا ہے، جو وقت آنے پر پتہ چل جائے گا۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان فورسز ملک کی سکیورٹی اور دفاع کے لئے جو کام ضروری ہے وہ کر رہی ہیں، پاک فوج پاکستان کا حصہ ہے اور ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ آئین اور قانون کی عملداری کا احترام کرے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر شخص کو آزادی اظہار کا حق ہے۔

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.