ملک میں فوری انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

  • منگل, 13 فروری 2018 12:17

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آئین و قانون کے مطابق انصاف کی فوری فراہمی میں ناکامی پر معاشرہ مایوسی کا شکار ہو رہا ہے۔ قانون کو کاغذوں سے نکال کر عملی صورت میں اس کا نفاذ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فوری انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، عوام ہر معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب دیکھتے ہیں، لوگوں کا مقامی و صوبائی عدالتوں کے نظام پر سے جیسے اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ دہشتگردی کا شکار ہونے والے ہزاروں متاثرین خاندان انصاف کے لئے ترس رہے ہیں۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ملٹری کورٹس کی تعداد بڑھائی جائے اور تمام بڑے دہشتگردی کے سانحات کے کیسیز ملٹری کورٹس میں بھیجے جائیں۔ اس وقت ملک بھر کی عدالتوں میں لاکھوں کیسیز زیر التوا ہیں۔ اس پر مزید عدلیہ اور سیاسی جماعتوں کی چپقلش معاملات کو مزید گھمبیر بنا رہے ہیں۔ عدلیہ کے فیصلوں کو سڑکوں پر چیلنج کرنے کی روایت انتہائی خطرناک ہے۔ قانون کی بالادستی کے لئے عدلیہ اور پارلیمنٹ کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ بحثیت پاکستانی ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ مملکت خداداد پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے اخلاص کے ساتھ کام کرے۔ اداروں کو اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے اور دوسرے اداروں کے معاملات میں مداخلت سے گریز کرنے کی پالیسی اپنانا ہوگی۔

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.