پاک ایران تجارتی حجم کو سالانہ 5 ارب ڈالر کی حدتک پہنچانا چاہتے ہیں، محمد رفیعی

  • منگل, 13 فروری 2018 12:20

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کوئٹہ میں متعین ایرانی قونصل جنرل محمد رفیعی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین تجارت سرگرمیوں کا حجم 1 ارب 50 کروڑ ڈالر سالانہ تک پہنچ چکا ہے۔ ایران کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے مابین سالانہ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر کے نفسیاتی حد تک پہنچے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ایرانی قونصلیٹ کی جانب سے اسلامی انقلاب کی منعقدہ 39ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایرانی قونصل جنرل محمد رفیعی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس خطے کا وہ پہلا ملک تھا، جس نے ایران میں آنے والے اسلامی انقلاب کو تسلیم کیا تھا۔ پاکستان اور ایران کی مشترکہ تہذیب، مذہب اور تجارتی تعلقات کا سلسلہ دہائیوں پر مشتمل ہے۔ دونوں کی جغرافیائی اور اقتصادی حیثیت خطے میں غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ صوبہ بلوچستان دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں کا مرکزی راستہ ہے اور پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس سے اقتصادی حجم میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ زاہدان میں چیمبر کے آخری اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد تجارتی معاہدے طے پائے۔ پاکستان اور ایرانی سکیورٹی فورسز خطے میں امن اور استحکام کے لئے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے مشترکہ کارروائی کر رہی ہیں۔ پڑوسی ممالک کو خطے میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، کیونکہ ترقی کے لئے مثبت قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ تقریب میں بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی، صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکز میر عاصم کرد گیلو، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء حاجی علی مدد، جماعت اسلامی کے رہنماء مولانا عبدالحق ہاشمی، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے نائب صدر عبدالولی کاکڑ، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ جمعہ اسدی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.