کوئٹہ، دہشتگردوں کی فائرنگ، ریلوے پل پہ کام کرنیوالے 3 مزدور جاں بحق

  • بدھ, 06 دسمبر 2017 18:39

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے قریب ریلوے پل پر کام کرنے والے مزدوروں پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ سے 3 مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان اور وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہر نائی میں ریلوے برج پرکام کرنیوالے مزدوروں پر حملہ دہشت گردی کی وحشیانہ واردات ہے، مجرموں کا پیچھا کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ بزدل دہشت گردوں نے بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنا کر ریاستی اداروں کو بلوچستان کی تعمیر و ترقی سے روکنے کی گھناونی کوشش کی ہے۔ دہشت گرد بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، بلوچ حقوق کے نام نہاد علمبردار بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنیوالوں پر ہی حملہ آور ہیں۔ این ایل سی کی زیر نگرانی تین ارب سے زائد کی لاگت سے سبی تا ہرنائی تباہ حال ریلوے ٹریک و تنصیبات کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے۔ برسوں سے بند سبی ہرنائی ریلوے سیکشن کی بحالی علاقے کے لئے خوش حالی اور ترقی کے بند دروازے کھول دیگی، حملوں اور دشواریوں کے باوجود کام جاری رکھیں گے۔ وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام ملوث عناصر کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، مزدوروں اور بےگناہ لوگوں کو نشانہ بنانیوالے سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔

 

Leave a comment

Make sure you enter the (*) required information where indicated. HTML code is not allowed.